پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے دوران بھارتی میڈیا کے غیر ذمے دارانہ کردار پر اب خود بھارت کی معروف شخصیات بول پڑی ہیں۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سوناکشی سنہا نے کھل کر بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے انسٹاگرام پر ایک اسٹوری میں لکھا:
“اس وقت سب سے زیادہ نقصان دہ چیز غیر مصدقہ اور گمراہ کن معلومات پھیلانا ہے، جو عوام میں خوف اور بے یقینی کو جنم دے رہی ہے۔”
انہوں نے بھارتی عوام کو مشورہ دیا کہ صرف آفیشل ذرائع سے تصدیق شدہ معلومات پر اعتماد کریں اور میڈیا کو تلقین کی کہ وہ سنسنی خیزی کے بجائے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے۔
اس سے قبل اداکارہ سوناکشی سنہا بھی بھارتی میڈیا کے طرزِ عمل پر شدید نکتہ چینی کر چکی ہیں۔
سوناکشی نے کہا تھا:
“ہمارے نیوز چینلز مذاق بن چکے ہیں۔ چیخنے چلّانے والی آوازوں اور مبالغہ آرائی سے ایسا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے کہ دماغ سن ہو جاتا ہے۔”
اداکارہ نے سوال اٹھایا کہ آخر یہ سب کیا ہو رہا ہے؟
انہوں نے زور دے کر کہا:
“میڈیا اپنا کام صحیح طریقے سے کرے، سچ دکھائے، اور خوف پھیلانے کے بجائے امن کا پیغام دے۔”
اداکاروں کی اس تنقید کے بعد بھارتی میڈیا کے کردار پر نئی بحث چھڑ گئی ہے، جبکہ پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین ان بیانات کو "جرأت مندانہ سچ” قرار دے رہے ہیں۔